ابوشحمہ انصاری
لکھنؤ
تنظیم برائے جوہری تخفیفِ اسلحہ، عالمی امن اور ماحولیات کے صدر ڈاکٹر عمار رضوی نے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان کو دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے تاریخی معاہدے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے تہنیتی پیغام میں ڈاکٹر عمار رضوی نے کہا کہ یہ معاہدہ صرف امریکہ اور ایران تک محدود نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ عالمی امن، استحکام اور سلامتی کا گہرا تعلق ان دونوں ممالک کے باہمی تعلقات سے ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ تاریخی پیش رفت امریکہ اور ایران کے درمیان موجود اور مستقبل میں پیدا ہونے والے اختلافات کے پرامن اور پائیدار حل کی راہ ہموار کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں اگر کسی قسم کے مسائل یا چیلنجز سامنے آئیں تو انہیں جنگ، کشیدگی یا تصادم کے بجائے دانشمندانہ اور جرات مندانہ مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔
ڈاکٹر عمار رضوی نے مزید کہا کہ یہ معاہدہ عالمی برادری کے لیے امید کی ایک روشن کرن اور دنیا میں امن و آشتی کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔ انہوں نے اس تاریخی اقدام کو بین الاقوامی تعلقات میں مثبت تبدیلی اور پائیدار عالمی امن کے فروغ کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔
یہ اطلاع آل انڈیا مائناریٹیز فورم فار ڈیموکریسی کے سیکریٹری نشر و اشاعت ابوشحمہ انصاری نے فراہم کی۔
© Copyright All rights reserved by India Khabar 2026